اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے عظمت اور عزت سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کی بدولت بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی، جس پر آج بھی دنیا حیران ہے اور افواج پاکستان کی جرات و بہادری کو سراہا جا رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہیں۔
بارش سے متاثرہ علاقوں کے لیے فوری امدادی اقدامات کی ہدایت
وزیراعظم نے حالیہ بارشوں سے ملک کے مختلف علاقوں، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فوری بحالی اور امدادی کارروائیاں کی جائیں تاکہ متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
توانائی کے شعبے میں مثبت پیش رفت
وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں حکومتی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ انقلابی اقدامات سے نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کو سراہا کہ آئی پی پیز (نجی بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں) کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں اربوں روپے کی بچت ممکن ہوئی، جو قومی خزانے کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اعلان
فلسطین میں جاری ظلم و بربریت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ "ایسا مظلوم منظر شاید تاریخ نے کم ہی دیکھا ہو۔” انہوں نے کہا کہ فلسطینی بچے بھوک اور بمباری کے دہری اذیت میں مبتلا ہیں۔ حکومتِ پاکستان نے این ڈی ایم اے کو ہدایت دی ہے کہ غذائی امداد اردن کے راستے فوری طور پر فلسطین روانہ کی جائے تاکہ مظلوم عوام تک مدد پہنچائی جا سکے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاستِ فلسطین کو اس کا حق دلوانے کے لیے پاکستان ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔






