کییف (غیر ملکی خبر رساں ادارے) – یوکرینی حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات روسی فورسز کے تازہ حملوں میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ حملوں کا نشانہ مختلف شہری اور عسکری مقامات بنے۔
رپورٹس کے مطابق زاپوریژیا کے علاقے میں واقع ایک جیل پر ہونے والے حملے میں 16 افراد ہلاک جبکہ 25 زخمی ہوئے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ جیل کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے اور امدادی کارروائیاں رات بھر جاری رہیں۔
اسی طرح ڈنیپروپیٹروفسک ریجن میں بھی روسی حملے کیے گئے جن میں 4 شہری جان سے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
یوکرینی حکام نے ان حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ اس خونریزی کو روکا جا سکے۔






