سانحہ بابوسر: اینکر شبانہ لیاقت سمیت ایک اور فیملی لاپتہ، 7 سیاحوں کی لاشیں برآمد
گلگت بلتستان:
بابوسر ٹاپ کے مقام پر سیلابی ریلے نے ہنستی کھیلتی زندگیوں کو نگل لیا۔ معروف نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن شبانہ لیاقت، ان کے شوہر اور تین بچے سیلاب میں بہہ جانے والوں میں شامل ہیں۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے شبانہ لیاقت کا شناختی کارڈ اور پرس ملنے کی تصدیق کی ہے، جس سے ان کے لاپتہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز بارشوں کے بعد آنے والے اچانک سیلابی ریلے نے شاہراہ بابوسر پر موجود متعدد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاعات کے مطابق، 10 سے 15 کے قریب سیاح اس قدرتی آفت کی زد میں آئے، جن میں سے اب تک 7 کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
ریسکیو آپریشن میں دیامر پولیس، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122، پاک فوج اور گلگت بلتستان اسکاؤٹس کی ٹیمیں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ جدید ڈرونز، سراغ رساں کتوں اور مقامی رضاکاروں کی مدد سے سرچ آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔ مقامی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔
سانحہ بابوسر نے نہ صرف درجنوں خاندانوں کو غم میں مبتلا کر دیا ہے بلکہ ملک بھر میں افسوس اور دکھ کی لہر دوڑا دی ہے۔ عوام، صحافی برادری، اور سوشل میڈیا صارفین شبانہ لیاقت اور دیگر لاپتہ افراد کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔






