پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وادی تیراہ میں جرگے پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی افراد کے لیے خطیر مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق، واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کو 25 لاکھ روپے فی کس فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر اعلان کیا کہ واقعے کے بعد قبائلی مشران اور عوامی نمائندوں کا ایک جرگہ پشاور طلب کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں کے عوام کے تحفظات اور جذبات کو سنا جا سکے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کے لیے مشاورت کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، اور آئندہ ہفتے سے ڈویژنل اور بعد ازاں صوبائی سطح پر عمائدین کے ساتھ جرگوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا تاکہ قبائلی روایات کے مطابق پائیدار امن اور عوامی اعتماد بحال کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور متاثرہ افراد کو انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔






