ہمیں آزمایا گیا تو آزمانے والوں کیلئے آزمائش بن جائیں گے، مولانا فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا پر حکمرانی تو امریکا کے ہاتھ میں ہے، لیکن اس کے پاس ایمان کی طاقت نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کرنے والے حکمران مدارس پر قبضے کی خواہش نہ کریں، اگر ہمیں آزمایا گیا تو ہم آزمانے والوں کے لیے خود ایک بڑی آزمائش بن جائیں گے۔
راجہ بازار راولپنڈی میں مدرسہ تعلیم القرآن میں دستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دینی مدارس قرآن و حدیث کے علوم اور ایمان کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ شبیر عثمانیؒ کو بھی انگریز دور میں ان پڑھ کہا گیا، اور آج بھی اسی سوچ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دینی علوم کو علم تسلیم نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کے تحفظ پر تمام مکاتبِ فکر کے علما متفق ہیں۔ ہم مکالمے پر یقین رکھتے ہیں اور مشاورت سے بننے والے قانون کی پاسداری کریں گے، تاہم کسی قسم کا دھوکہ یا فریب برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نعرے لگانے کے بجائے عملی میدان میں کام کر رہے ہوتے تو پنجاب میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر لیتے۔






