لاہور – 9 مئی 2023 کے جلاؤ گھیراؤ واقعات سے متعلق 6 مقدمات کا جیل ٹرائل آج کوٹ لکھپت جیل میں ہوگا۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت (ATC) کے جج منظر علی گل ان مقدمات کی سماعت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، آج کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
عدالت نے پراسیکیوشن کے گواہوں کو بھی طلب کر رکھا ہے، جن کے بیانات آج ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ زیرِ سماعت مقدمات میں تھانہ شادمان میں درج جلاؤ گھیراؤ کیس اور راحت بیکری کے باہر توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن میں سرکاری و عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان مقدمات کو انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت چلایا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر عدالت نے ان مقدمات کی سماعت جیل میں کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاکہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔






