اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

جمائما کا فیصلہ: قاسم اور سلیمان کی پاکستان آمد روک دی گئی، تحریک انصاف کی قیادت مایوس

اسلام آباد – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کی پاکستان آمد ایک بار پھر مؤخر ہو گئی ہے، جب ان کی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ نے انہیں امریکہ سے واپس لندن بلا لیا۔ ذرائع کے مطابق، جمائما نے یہ فیصلہ سکیورٹی خدشات، بالخصوص عمران خان کے بعض قریبی عزیزوں سے ممکنہ خطرات کے پیش نظر کیا۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ جمائما کو پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے چند باخبر افراد کی جانب سے تنبیہی پیغامات موصول ہوئے، جن میں کہا گیا کہ قاسم اور سلیمان کو ریاستی اداروں سے کم، اور بانی عمران خان کی قریبی عزیزاؤں، خاص طور پر بہنوں، سے زیادہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ ماضی میں ان عزیزوں نے نہ تو جمائما کو بھاوج کے طور پر قبول کیا، اور نہ ہی ان کے بچوں سے کوئی قریبی تعلق ظاہر کیا۔

تحریک انصاف کی قیادت قاسم اور سلیمان کی ممکنہ آمد کو پارٹی کے لیے نئی تحریک سمجھ رہی تھی۔ ان کی شرکت کو عمران خان کی عوامی مقبولیت کے ساتھ دوبارہ وابستگی کا ذریعہ تصور کیا جا رہا تھا۔ تاہم اب پارٹی ذرائع کے مطابق، اس غیر متوقع تبدیلی نے اندرونی طور پر مایوسی کی لہر پیدا کر دی ہے، خاص طور پر امریکہ میں مقیم پی ٹی آئی کے گروپوں کے درمیان۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ قاسم اور سلیمان کے دورہ امریکا کے دوران ان کے ساتھ پارٹی کے امریکی ونگ، امریکی انتظامیہ اور حتیٰ کہ روایتی حامی لابی کی جانب سے جو رویہ اختیار کیا گیا، وہ سرد مہری اور غیر سنجیدگی پر مبنی تھا، جس سے پارٹی قیادت خاصی دل گرفتہ ہے۔

دوسری جانب پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر مرکزی رہنما بھی حالیہ صورتحال سے دلبرداشتہ نظر آتے ہیں۔ موجودہ سیاسی تناؤ، قانونی دباؤ اور ممکنہ گرفتاریوں کے خدشات نے پارٹی کے مستقبل پر مزید سوالات اٹھا دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، وفاقی و صوبائی سطح پر پی ٹی آئی ارکان کی بڑی تعداد جلد گرفتاریوں کی زد میں آ سکتی ہے۔

تاہم، پی ٹی آئی کے قانونی مشیر نعیم پنجوتھا نے اس تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاسم اور سلیمان اپنے والد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان ضرور آئیں گے۔ ان کے مطابق، "یہ صرف وقتی رکاوٹ ہے، وہ اپنے والد کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوام کے سامنے بھی جلد آئیں گے۔”

ادھر، پی ٹی آئی کے اندر مختلف گروپوں نے قاسم اور سلیمان کے دورہ امریکا کی "ناکامی” کا الزام ایک دوسرے پر ڈالنا شروع کر دیا ہے، جس سے پارٹی میں موجود اندرونی اختلافات اور دھڑے بندی مزید واضح ہو گئی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button