پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف کی رہائی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پورے ملک میں رہائی کی تحریک کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبے بھر میں ورکرز کنونشنز اور کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت پی ٹی آئی رہنماؤں کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جھوٹے مقدمات میں سزائیں دے کر تحریک کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، مگر یہ حربے ناکام ہوں گے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ حکومت کو تحریک انصاف کی عوامی حمایت سے خوفزدہ ہونے کے علاوہ کچھ نہیں، اور وہ ہر ممکن طریقے سے اس تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
مشیر اطلاعات نے خاص طور پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی سزا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینسر میں مبتلا اس بزرگ خاتون کو 10 سال قید کی سزا دی گئی، جو کہ انسانی ہمدردی کے برعکس ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ سزاؤں کے باوجود پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان اپنے حوصلے بلند رکھیں گے اور جھوٹے مقدمات سے ہرگز نہ ڈگمگائیں گے۔






