اسلام آباد – پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے بھارت کی جانب سے لیجنڈز کرکٹ لیگ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل ایک عالمی امن اور بھائی چارے کا پیغامبر ہوتا ہے، لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے اس پلیٹ فارم کو نفرت، تعصب اور تنگ نظری کا نشانہ بنا دیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ "بھارت نہ میدان جنگ میں کامیاب ہوا، نہ سفارت کاری میں، اور اب کھیل کے میدان سے بھی فرار اختیار کر رہا ہے۔ پاکستان کا نام سنتے ہی مودی سرکار کے اعصاب جواب دے جاتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے رویے سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت کھیل کے عالمی اصولوں اور اسپورٹس مین شپ سے مکمل طور پر منہ موڑ چکا ہے۔ انہوں نے کہا، "کھیل ہمیشہ امن، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام دیتا ہے، لیکن بھارت نے یہاں بھی انتہا پسندی اور تنگ نظری کا مظاہرہ کیا ہے۔”
شیری رحمان نے خبردار کیا کہ بھارت کا یہ رویہ نہ صرف کھیل کے جذبے کے خلاف ہے بلکہ خطے میں کھیلوں کے ذریعے تعلقات کی بہتری کی امیدوں کو بھی شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔
پاکستانی کرکٹ حلقوں، ماہرین اور شائقین نے بھی بھارتی فیصلے پر افسوس اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے، اور اسے کھیل کو سیاست کا یرغمال بنانے والا ایک افسوسناک واقعہ قرار دیا ہے۔
شیری رحمان نے زور دیا کہ "نفرت کے ایجنڈے پر کاربند بھارت کا رویہ نہ صرف کھیل کے مستقبل بلکہ جنوبی ایشیا کے امن کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ ہے۔”






