محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: ملک بھر میں موسم سرد رہنے کا امکان
اسلام آباد — 1 نومبر 2025: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع سموگ کی لپیٹ میں رہنے کی توقع ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سموگ کے اثرات سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صبح و شام کے اوقات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، ساہیوال، رحیم یار خان اور بہاولپور میں سموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
ادھر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہا، اور پنجاب کے کئی اضلاع میں سموگ کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا۔






