پشاور (نیوز ڈیسک):
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث ملتوی کر دیا گیا، جس سے مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان کی حلف برداری التوا کا شکار ہو گئی ہے۔
اسمبلی کا اجلاس آج صبح 9 بجے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت طلب کیا گیا تھا، مگر اجلاس 2 گھنٹے 24 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ آغاز میں ہی حکومتی رکن شیر علی ارباب نے کورم کی نشاندہی کی، جس پر گنتی کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی کا اجلاس سے بائیکاٹ، ارکان کی ناراضی کا انکشاف
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا:
"ہمارے کئی اراکین پارٹی سے ناراض ہیں، اسی لیے اجلاس میں شریک نہیں ہو رہے۔”
مخصوص نشستوں پر حلف نہ ہونے سے قانونی بحران کا خدشہ
آج کے اجلاس میں 21 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان نے حلف اٹھانا تھا، جن میں شامل ہیں:
جمعیت علمائے اسلام اور ن لیگ کی 7،7 خواتین
پیپلز پارٹی کی 4، اے این پی کی 2 اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی 1 خاتون
اقلیتی نشستوں پر جے یو آئی کے عسکر پرویز اور گورپال سنگھ
ن لیگ کے سریش کمار اور پیپلز پارٹی کے بہاری لالا
اسمبلی سیشن کے دوران مہمانوں کی آمد پر پابندی عائد رہی تاکہ سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔
اپوزیشن کا انتباہ: "حلف برداری نہ ہوئی تو عدالت جائیں گے”
اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"اگر آج یا کل حلف نہ ہوا تو ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ یہ پی ٹی آئی ہے، کچھ بھی ممکن ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان فارمولہ طے پا چکا ہے، اور اپوزیشن اپنے مؤقف پر قائم رہے گی۔






