لاہور (اسپورٹس ڈیسک) — پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کیوئسٹ محمد آصف نے ایک بار پھر اپنی مہارت اور اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے پاکستان کا پرچم بلند کر دیا۔ انہوں نے آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ میں بھارتی حریف کو شکست دے کر نیا ورلڈ ٹائٹل جیت لیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا:
"دیکھنے والوں کو شاید اندازہ نہ ہو، لیکن میچ کافی مشکل ہو گیا تھا۔ جب بھی پاکستان اور بھارت کا آمنا سامنا ہوتا ہے تو لوگوں کی توقعات بڑھ جاتی ہیں، اور دباؤ بھی ویسا ہی ہوتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ:
"کھیل میں ہار جیت تو ہوتی ہے، لیکن ایسا میچ کوئی ہارنا نہیں چاہتا۔ میرے اوپر یہ دباؤ تھا کہ ہر حال میں جیتنا ہے، اور الحمدللہ اللہ نے کامیابی دی۔”
محمد آصف نے اپنی کامیابی قوم کے نام کرتے ہوئے کہا:
"ایک اور عالمی ٹائٹل پاکستان کے نام کر کے خوشی ہوئی۔ ان شاء اللہ آنے والے 6 ریڈ ایونٹ میں اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھاؤں گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
"ہدف ہے کہ آئی بی ایس ایف ورلڈ 6 ریڈ چیمپئن شپ کا ٹائٹل بھی پاکستان کے نام کریں۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے انڈر 21 کے نوجوان کھلاڑی بھی پاکستان کے لیے ٹائٹل جیت کر فخر کا باعث بنیں گے۔”






