بریڈفورڈ، انگلینڈ — پاکستان کے قونصلیٹ آف پاکستان میں یومِ یکجہتیٔ پاکستان کے حوالے سے ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی نے افواجِ پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ اس اہم موقع پر، پاکستانی اور کشمیری عوام کے ساتھ ساتھ افواجِ پاکستان کو مکمل حمایت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب میں قونصل جنرل پاکستان زاہد احمد جتوئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ یکجہتیٔ پاکستان کا مقصد نہ صرف قومی یکجہتی کو اجاگر کرنا ہے بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کو موجودہ علاقائی صورتحال سے بھی آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک ناکام سازش قرار دیا۔
قونصل جنرل نے کہا کہ "پاکستان دنیا کی سب سے بڑی مسلم ایٹمی طاقت ہے، اور اگر بھارت کو جنگ کا شوق ہے تو ہم اس کے منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کے حالات میں ملوث ہے اور پاکستان کو عدم استحکام میں دھکیلنے کی کوششیں کر رہا ہے۔
تقریب میں دیگر مقررین نے بھی پاکستان کے امن کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف لڑتا آیا ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان اپنے دفاع میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرے گا۔ پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حاضرین نے فلک شگاف نعرے "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج پائندہ باد” لگائے۔
آخر میں، تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس سے تمام حاضرین کے دلوں میں حب الوطنی کا جذبہ اور بھی مضبوط ہو گیا۔






