اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد سے عبوری ریلیف مل گیا۔ عدالت نے دونوں کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے سماعت کے دوران عمران خان کی چھ اور بشریٰ بی بی کی ایک ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر عبوری توسیع کا فیصلہ سنایا۔
دلائل نہ ہو سکے، سماعت ملتوی
سماعت کے دوران عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر آج بھی دلائل پیش نہ ہو سکے جبکہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ بھی نہ سنایا جا سکا۔
عمران خان کی عدم حاضری کے باعث عدالت نے کیس کی سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ ان کی جانب سے وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کا حکم دیا تھا، جو آج بھی عمل میں نہ آ سکا۔
کیسز کی تفصیلات
عمران خان پر احتجاج، توڑ پھوڑ اور اقدام قتل سمیت پانچ مختلف مقدمات درج ہیں، جب کہ ان کے خلاف اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں جعلی رسیدیں جمع کرانے کا مقدمہ بھی شامل ہے۔






