اسلام آباد
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے خواتین کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سعودی حکومت نے خواتین حاجیوں کے لیے محرم کے بغیر حج کی اجازت دے دی ہے۔ اب خواتین انفرادی طور پر بھی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گی، جو ایک انقلابی اور تاریخی اقدام ہے۔
یہ اعلان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین عامر ڈوگر نے کی۔ اجلاس میں وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ 2025ء کا حج انتہائی کامیاب اور مثالی رہا، اور بہترین انتظامات پر پاکستان کو پہلی مرتبہ سعودی حکومت کی جانب سے "ایکسِلینس ایوارڈ” سے نوازا گیا ہے۔
ائیر کنڈیشنڈ خیمے، جدید سہولیات اور فوری شکایات کا ازالہ
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سال حاجیوں کے لیے شعائر مقدسہ میں ائیر کنڈیشنڈ خیمے، جدید سہولیات اور بہتر رہائش کا انتظام کیا گیا، خاص طور پر عرفات، منیٰ اور مزدلفہ میں۔ شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات بھی کیے گئے، جس پر حاجیوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
نئی حج پالیسی، نوجوانوں اور کم آمدنی والوں کے لیے سہولتیں زیر غور
سردار یوسف نے کہا کہ حج 2026 کی پالیسی پر کام جاری ہے اور تمام ارکان سے مشاورت لی جا رہی ہے تاکہ آئندہ حج مزید بہتر ہو۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق حج انتظامات کو سعودی تعلیمات کی روشنی میں استوار کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں نوجوانوں کے لیے یوتھ حج اسکیم، اور کم آمدنی والے زائرین کے لیے سبسڈی و بحری سفر جیسے آپشنز پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزارت نے بتایا کہ عمرہ اور زیارات کے لیے بحری سفر شروع کرنے پر غور جاری ہے تاکہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
455,000 رجسٹریشن مکمل، کوٹے میں اضافے کی درخواست
اب تک 4 لاکھ 55 ہزار افراد حج 2026 کے لیے رجسٹریشن کروا چکے ہیں، جبکہ حج کوٹے کو 1 لاکھ 89 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ 55 ہزار کرنے کی درخواست سعودی حکومت کو دی جا چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت 63 ہزار حاجی رہ گئے تھے، ان کے لیے اگلے سال ترجیحی بنیادوں پر انتظامات اور رقوم کی واپسی پر غور ہو رہا ہے۔
روڈ ٹو مکہ اسکیم کی توسیع اور نئی تجاویز
"روڈ ٹو مکہ” سہولت، جو اس وقت کراچی اور اسلام آباد میں موجود ہے، لاہور، پشاور اور کوئٹہ تک بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاکہ حاجیوں کو وطن میں ہی امیگریشن کی سہولت حاصل ہو۔
کمیٹی کے چیئرمین عامر ڈوگر اور دیگر اراکین نے حج انتظامات کو سراہتے ہوئے وزارت مذہبی امور کو مبارکباد دی اور تجویز دی کہ کمیٹی کا ایک اجلاس آئندہ سعودی عرب میں بھی منعقد کیا جائے۔






