ججز کی کارکردگی اور احتساب زیرِ غور: سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس آج ہوگا
اسلام آباد: پاکستان میں عدلیہ کے شفاف اور جوابدہ نظام کی جانب ایک اور اہم قدم، سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس آج چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت منعقد ہو رہا ہے۔
اجلاس میں سپریم کورٹ کے ججز، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر، بطور رکن شریک ہوں گے، جب کہ لاہور ہائیکورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ججز کے طرزِ عمل، کارکردگی، اور ان کے خلاف درج شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ سپریم جوڈیشل کونسل ججز کے احتساب، پیشہ ورانہ رویے، اور عدالتی عمل میں بہتری کے لیے کلیدی فیصلے متوقع ہیں، جو عدالتی نظام کی شفافیت اور مؤثریت میں مزید بہتری لائیں گے۔
یاد رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل آئین پاکستان کے تحت قائم شدہ اعلیٰ سطح کا ادارہ ہے، جسے ججز کی نگرانی، کارکردگی کا جائزہ لینے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کے لیے مکمل قانونی اختیارات حاصل ہیں۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ اجلاس عدالتی معیار کو برقرار رکھنے، عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے اور ادارہ جاتی شفافیت کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ پیش رفت اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان کی عدلیہ ایک خود احتساب اور اصلاحاتی عمل کے ذریعے اپنی ساکھ کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔






