اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وسائل پر دباؤ کم کرنے کی کوشش، مریم نواز کا متوازن آبادی کے لیے عملی وژن

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر آبادی میں اضافے سے پیدا ہونے والے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پالیسی سازی اور عملی اقدامات کے ذریعے اس چیلنج سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ صرف ایک عددی مسئلہ نہیں، بلکہ یہ غربت، چائلڈ لیبر، صحت، تعلیم، اور خوراک جیسے کئی بنیادی مسائل کی جڑ بن چکا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اگر بروقت اور دانشمندانہ حکمت عملی اپنائی جائے تو پاکستان نہ صرف ان چیلنجز پر قابو پا سکتا ہے بلکہ پائیدار ترقی کی راہ پر بھی گامزن ہو سکتا ہے۔

مریم نواز نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ حکومت پنجاب موسمیاتی تبدیلی اور آبادی کے درمیان توازن پیدا کرنے کی سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، تاکہ مستقبل میں نہ صرف وسائل کا مؤثر استعمال ممکن ہو، بلکہ شہریوں کو معیاری صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات بھی میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آبادی اور وسائل کے درمیان توازن قائم رکھنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اور صوبائی حکومت اس سمت میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ کا پیغام اس بات کا غماز ہے کہ پنجاب حکومت ایک جامع وژن کے تحت عوامی شعور بیدار کرنے، وسائل کے دانشمندانہ استعمال، اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button