اہم خبریںدنیا

غزہ جنگ بندی کے امکانات روشن، فریقین شرائط پر قریب آ گئے: امریکی وزیر خارجہ

کوالالمپور: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امید ظاہر کی ہے کہ غزہ میں جاری تنازع کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کا معاہدہ پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان کئی اہم نکات پر اتفاق ہو چکا ہے اور اب صرف عملدرآمد کے طریقہ کار پر گفتگو جاری ہے۔

ملائیشیا میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے روبیو نے کہا: "ہم جنگ بندی کے قریب ہیں، مذاکرات مثبت سمت میں بڑھ رہے ہیں، اگرچہ ہمیں ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے محتاط رہنا ہوگا۔”

مارکو روبیو نے حماس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر تنظیم غیر مسلح ہونے پر آمادگی ظاہر کرے تو موجودہ تنازع فوراً ختم کیا جا سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

دوسری جانب فلسطینی تنظیم حماس نے بھی ثالثی کے عمل میں سنجیدہ رویہ اپناتے ہوئے 10 قیدیوں کی رہائی کی پیشکش کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ وہ امن کی بحالی کے لیے مثبت جذبے سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے، لیکن اب بھی بعض اہم نکات پر اختلافات باقی ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ حتمی معاہدے تک پہنچنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، تاہم فریقین کی حالیہ لچک اور بین الاقوامی دباؤ کے تناظر میں جنگ بندی کی امیدیں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button