اسلام آباد – وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس کے جائز حق کے لیے ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
یہ بات انہوں نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ وزیراعظم آفس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر کو پاکستان آمد پر پرتپاک خوش آمدید کہا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں پاکستان کے مستقل مؤقف کو اجاگر کیا۔
ایرانی صدر کا شایانِ شان استقبال
ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر باضابطہ اور باوقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خود ایرانی صدر کا خیر مقدم کیا۔
تقریب کے دوران وزیراعظم نے کابینہ کے اہم ارکان جن میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر تجارت جام کمال خان، اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ شامل تھے، کو ایرانی صدر سے متعارف کرایا۔ اس موقع پر ایرانی صدر نے بھی اپنے وفد کا تعارف کرایا۔
بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں دونوں رہنماؤں نے یادگاری پودا لگایا اور عالم اسلام کی ترقی، اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔





