واشنگٹن – 7 جولائی 2025:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کے تیسری سیاسی جماعت کے اعلان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز اور احمقانہ قرار دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر کہا کہ مسک "مکمل طور پر پٹری سے اتر گئے ہیں” اور تیسری جماعت بنانے کی کوشش سے ملک میں مزید الجھن پیدا ہوگی۔
ٹرمپ نے کہا، "وہ اس کے ساتھ تفریح کر سکتا ہے لیکن میرے خیال میں یہ بالکل احمقانہ اقدام ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ مسک کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی اور اپنی اولین ترجیح امریکی عوام کے تحفظ کو قرار دیا۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے لازمی قوانین کو ختم کر دیا ہے، اور اپنی حکومت کے دوران امریکہ کے مفادات کی حفاظت کو اولین ترجیح دی ہے۔
ٹرمپ نے ایلون مسک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسک نے اپنے قریبی دوست کو ناسا کا سربراہ بنانے کی درخواست کی تھی، جو کہ ایک ڈیموکریٹ تھا اور ریپبلکن پارٹی کو مالی مدد فراہم نہیں کرتا۔ "شاید مسک بھی اسی سمت جا رہا ہے”، صدر نے طنزیہ انداز میں کہا۔
اسی دوران، صدر ٹرمپ نے حماس کے ساتھ ممکنہ مذاکرات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ "اس ہفتے کے دوران حماس کے ساتھ معاہدہ کرنے کا ایک اچھا موقع ہے، جس سے کچھ یرغمالی افراد کو رہا کیا جا سکتا ہے۔”






