تہران — ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایرانی عوام اپنی خودمختاری، عزت اور آزادی کو سب سے زیادہ عزیز رکھتے ہیں اور کسی بیرونی طاقت کو اپنی تقدیر کے فیصلوں میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔
اپنے ٹویٹ پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ "ہماری قومی شناخت سادہ، مگر غیر متزلزل ہے — ایرانی عوام اپنی قدر اور آزادی کو جانتے ہیں اور اس کا بھرپور دفاع کرنا جانتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واقعی ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے خواہشمند ہیں، تو انہیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے لیے توہین آمیز زبان کا استعمال ترک کرنا ہوگا۔ "ایرانی قوم اپنی قیادت سے محبت کرتی ہے، اور سپریم لیڈر کے لاکھوں پیروکاروں کو نشانہ بنا کر کوئی بھی مثبت پیش رفت ممکن نہیں،” انہوں نے خبردار کیا۔
عباس عراقچی نے زور دیا کہ ایران ایک باوقار اور مضبوط ریاست ہے، جو نہ صرف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے بلکہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور طاقت بھی رکھتی ہے۔ انہوں نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارے میزائل سسٹمز نے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے پاس خطرے کے وقت صرف بیرونی مدد کے سہارے بھاگنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔”
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دھمکیاں اور توہین آمیز رویہ ایران کو کمزور کرنے کے بجائے مزید متحد کرتا ہے۔ "اگر کسی کو یہ خام خیالی ہے کہ ایران دباؤ میں آ جائے گا تو یہ ایک سنگین غلطی ہو گی۔ ایران اپنی حقیقی صلاحیتیں دکھانے سے کبھی ہچکچائے گا نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ دنیا میں عزت کا راستہ عزت سے، اور نیکی کا راستہ نیکی سے ہی نکلتا ہے۔ ایران ہر اس کوشش کی حمایت کرتا ہے جو عزت و احترام کے دائرے میں ہو، لیکن خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔






