اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

کھربوں کے پروجیکٹ میں کوئی ایک روپے کی کرپشن ثابت کر دے: مریم نواز

گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صوبے کے کھربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں میں ’’ایک روپے‘‘ کی کرپشن بھی ثابت کر دی جائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نواز شریف کا وژن آج بھی پنجاب کی ترقی کا محور ہے، انہی کی میراث اور رہنمائی سے گوجرانوالہ میٹرو سمیت بڑے منصوبوں کا آغاز ممکن ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ چند دنوں میں فیصل آباد میٹرو منصوبے کا بھی آغاز کر دیا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر بڑے منصوبے پر نواز شریف اور شہباز شریف کی محنت کی مہر ہے۔ انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم، اور ترقیاتی شعبوں میں تیزی سے کام جاری ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکی ہے اور مہنگائی 40 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد تک آ گئی ہے۔ سی پیک، میٹرو بس، اورنج لائن اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت حکومت کی بڑی کامیابیاں ہیں۔

انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈیفالٹ کی خواہش رکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی، جبکہ خیبرپختونخوا میں 12 سال سے حکومت کرنے والوں کی کارکردگی ’’صفر‘‘ رہی۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ موجودہ وزیراعلیٰ کے پی جیلوں کے باہر بیٹھنے کے بجائے صوبے کی خدمت پر توجہ دیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت ایک لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں جبکہ ہزاروں گھر مکمل ہو رہے ہیں۔ ’’ستھرا پنجاب‘‘ دنیا کا سب سے بڑا صفائی پروگرام بن چکا ہے جسے فوربز نے بھی سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں سیوریج کا نیا نظام، صاف پانی کے منصوبے اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام تیزی سے جاری ہیں۔ اس سال 2600 ماڈل ولیج مکمل کیے جائیں گے، 6 ہزار گلیاں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ مزید 10 ہزار کی تعمیر جاری ہے۔

رنگ روڈ لاہور کے قریب ’’نواز شریف ڈسٹرکٹ‘‘ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہاں وہ اسپتال تعمیر کیے جائیں گے جن کا علاج پاکستان میں دستیاب نہیں۔ سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور ساہیوال کارڈیالوجی سینٹر بھی کام شروع کر چکے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ 7 لاکھ 50 ہزار کسانوں کو کسان کارڈ جاری کر دیے گئے ہیں، 30 ہزار ٹریکٹر تقسیم کیے گئے، جبکہ معذور افراد کو ’’ہمت کارڈ‘‘ کے ذریعے گھر بیٹھے مالی امداد دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف کے ماڈل پر پورا پنجاب کیمروں کی نگرانی میں ہے اور پنجاب میں جرائم کی شرح 80 فیصد کم ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق خواتین خود اعتراف کر رہی ہیں کہ پنجاب اب ان کے لیے محفوظ صوبہ بن چکا ہے، اور جلد ہی پنجاب ’’ڈرگ فری‘‘ صوبہ بن جائے گا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ قبضہ شدہ زمینوں کے معاملات میں تیزی سے فیصلے کیے جا رہے ہیں، صرف چند دنوں میں 5 ہزار مقدمات نمٹا کر زمینیں مالکان کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں سفارش کلچر ختم کر کے میرٹ کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ تمام کنٹریکٹس ای۔ٹینڈرنگ کے ذریعے شفاف طریقے سے دیے جا رہے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button