اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

بانی پی ٹی آئی کی بیرسٹر سیف سے اہم ملاقات: کوہستان اسکینڈل پر وضاحت، بلین ٹری اور تعلیم و صحت پر زور

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) — بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس میں خیبرپختونخوا کے حالیہ بجٹ، گورننس، اور کوہستان اسکینڈل جیسے حساس معاملات پر گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے کوہستان اسکینڈل پر اظہار تشویش کرتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت کو ہدایت دی کہ عوام کے سامنے شفاف انداز میں وضاحت دی جائے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ اصل ذمے دار کون ہیں اور حکومت کی شفافیت پر کوئی سوال نہ اٹھے۔

انہوں نے کہا کہ "کوہستان اسکینڈل سے حکومت کا غلط تاثر پیدا ہو رہا ہے، ضروری ہے کہ حقائق سامنے لائے جائیں تاکہ بدعنوانی میں ملوث عناصر بے نقاب ہوں اور عوام کا اعتماد بحال رہے۔”

اس ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے ماحولیات کے تحفظ پر بھی زور دیتے ہوئے بلین ٹری سونامی منصوبے کو دوبارہ فعال کرنے اور موسمیاتی تبدیلی (کلائمیٹ چینج) کے اثرات سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو صحت اور تعلیم کے شعبوں پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ یہی دو شعبے براہِ راست عوامی فلاح سے جڑے ہوئے ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے بھی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس موقع پر بجٹ امور، گورننس، اور مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ "خیبرپختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق شفافیت، ترقی اور عوامی خدمت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے، اور اسکینڈل جیسے معاملات میں حکومت خود احتسابی کو ترجیح دیتی ہے۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button