اسلام آباد: بھارتی پائلٹ ابھینندن کو 2019 میں گرفتار کرنے والے پاک فوج کے ہیرو میجر سید معیز عباس شاہ شہید کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ بھارتی پائلٹ کی گرفتاری کی روداد بیان کر رہے ہیں۔ یہ کلپ اُن کی حالیہ شہادت کے بعد جذباتی طور پر قوم کے دلوں کو چھو رہا ہے۔
"میں انڈین ایئرفورس کا ونگ کمانڈر ہوں، میری جان بچائیں”
وائرل ویڈیو کلپ میں شہید میجر معیز، سینئر صحافی حامد میر کو دیے گئے انٹرویو میں بتاتے ہیں کہ ابھینندن نے مشتعل ہجوم سے بچنے کے لیے فوری سرنڈر کیا اور کہا:
"کیپٹن، میں انڈین ایئرفورس ونگ کمانڈر 27981 ابھینندن ہوں، میں سرنڈر کرتا ہوں، میری جان بچائیں”۔
میجر معیز نے بتایا کہ اُن کی ٹیم کی کوشش تھی کہ پائلٹ کو زندہ گرفتار کیا جائے تاکہ بھارت کسی قسم کا پروپیگنڈا نہ کر سکے۔ وہ کامیابی سے پائلٹ کو ہجوم سے بچا کر محفوظ مقام تک لے گئے اور طبی امداد فراہم کی۔
قوم کے ہیرو، جو ہر مورچے پر کامیاب رہے
حامد میر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا:
"میجر معیز عباس شاہ نے ابھینندن کی جان ایک مشتعل ہجوم سے بچائی تھی، اور آج وہ جنوبی وزیرستان میں بھارتی اسپانسر شدہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کر گئے”۔
شاندار الوداع: راولپنڈی میں نماز جنازہ ادا، اعلیٰ قیادت کی شرکت
شہید میجر معیز عباس کی نماز جنازہ آج چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی، جس میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، وزیر داخلہ اور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔
قوم کو میجر معیز عباس شاہ جیسے سپوتوں پر فخر ہے
میجر معیز عباس شاہ نہ صرف ابھینندن جیسے دشمن پائلٹ کو زندہ پکڑنے میں نمایاں رہے، بلکہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اپنی جان قربان کر کے ایک سچے سپاہی اور محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا۔
پاکستان اُن تمام سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہے جو قوم کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔






