اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

صدر ٹرمپ کی قیادت میں ایران-اسرائیل جنگ بندی، وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فیصلہ کن اور باہمت قیادت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اسے خطے میں امن کی جانب ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ایک اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور سفارتی کوششوں اور دانشمندانہ فیصلوں کی بدولت مشرق وسطیٰ ایک ممکنہ تباہ کن جنگ سے بچ گیا۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر پاک-بھارت جنگ بندی میں امریکہ کے کلیدی کردار پر بھی سیکرٹری روبیو کا شکریہ ادا کیا، اور خطے میں قیام امن کے لیے امریکی کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے پاک-امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، خصوصاً تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس حوالے سے نئے تجارتی معاہدوں اور سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کا عندیہ بھی دیا گیا۔

مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن، استحکام اور مفاہمت کی حمایت کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

سیکرٹری روبیو نے بھی پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ خطے میں امن اور ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

یہ رابطہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور مشترکہ وژن کا عکاس ہے، اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button