مکہ مکرمہ: نئے اسلامی سال کے آغاز پر خانہ کعبہ پر نیا غلاف چڑھانے کی روحانی اور بابرکت تقریب آج نمازِ عصر کے بعد مسجد الحرام میں منعقد ہوگی۔ اس مقدس موقع کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
یہ عظیم الشان تقریب خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں گورنر مکہ مکرمہ کی سربراہی میں انجام دی جائے گی۔ اس موقع پر مسجد الحرام کے آئمہ کرام، کسوہ فیکٹری کے ماہرین، اعلیٰ حکام اور مخصوص ٹیم کے ارکان شریک ہوں گے۔
غلافِ کعبہ کی تیاری نہایت مہارت، عقیدت اور عظیم فنی ذوق کے ساتھ کی جاتی ہے۔ اس مقدس غلاف کی تیاری میں دو سو سے زائد ماہر کاریگر اور فنکار 11 ماہ تک مسلسل محنت کرتے ہیں۔ امسال تیار کیا گیا غلافِ کعبہ مجموعی طور پر 1,415 کلوگرام وزنی ہے، جس میں 1,000 کلوگرام خالص ریشم، 120 کلوگرام سونا اور 100 کلوگرام چاندی سے تیار کردہ دھاگے شامل ہیں، جن سے قرآنی آیات کو فنکارانہ انداز میں کشیدہ کیا گیا ہے۔
نیا غلاف چار بڑے ٹکڑوں کے ساتھ ساتھ درمیانے اور چھوٹے 47 حصوں پر مشتمل ہے۔ تقریب کا آغاز نمازِ عصر کے بعد پرانے غلاف کے سنہری حصوں کو نہایت احتیاط سے ہٹانے سے کیا جائے گا، جب کہ نمازِ عشاء کے بعد نیا غلاف کعبہ شریف پر چڑھایا جائے گا۔
یہ روح پرور لمحے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے لیے بے حد اہمیت رکھتے ہیں، جو اس منظر کو عقیدت و محبت کے ساتھ دیکھتے ہیں۔ غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی یہ مقدس روایت ہر سال یکم محرم کو ادا کی جاتی ہے اور حرمین شریفین کی تاریخ میں اسے ایک روحانی ورثے کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔






