ایران-اسرائیل جنگ بندی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی
نیویارک/لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) — ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں فوری ردعمل سامنے آیا، اور خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ تیل کی عالمی قیمتوں میں یہ کمی مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے بعد مارکیٹ میں آنے والے اطمینان کا نتیجہ ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 9 فیصد کمی دیکھی گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے۔ اسی طرح ڈبلیو ٹی آئی (WTI) خام تیل کی قیمت 7.22 فیصد کمی کے ساتھ 68.51 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
ماہرین کے مطابق جنگ بندی کے اعلان سے خلیجی خطے میں تیل کی ترسیل کے خطرات کم ہو گئے ہیں، جس نے سرمایہ کاروں کو قدرے سکون فراہم کیا اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا باعث بنا۔
واضح رہے کہ کچھ گھنٹے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا آغاز ہو چکا ہے، اور اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بھی کھول دی ہیں۔ اس پیش رفت کو عالمی سفارتی حلقوں میں امن کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر جنگ بندی برقرار رہی تو مستقبل میں نہ صرف عالمی منڈی مستحکم ہو گی بلکہ تیل درآمد کرنے والے ممالک، خصوصاً ترقی پذیر معیشتوں کو معاشی ریلیف بھی حاصل ہو گا۔






