لندن / واشنگٹن: برطانیہ کے وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
صدر ٹرمپ نے وزیرِاعظم اسٹارمر کو ایران کے خلاف گزشتہ شب کیے گئے امریکی اقدامات سے آگاہ کیا، جن کا مقصد خطے میں موجود خطرات کا سدباب اور امریکی مفادات کا تحفظ ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کو جلد از جلد مذاکرات کی میز پر واپس آنا چاہیے تاکہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کا راستہ ہموار ہو سکے۔
ملاقات کے اختتام پر وزیرِاعظم اسٹارمر اور صدر ٹرمپ نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔






