اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے جس میں ملک کی داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت کے ساتھ ساتھ اہم وفاقی وزراء بھی شریک ہوں گے۔ قومی سلامتی کے اس اجلاس میں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں داخلی سلامتی، سرحدی صورتحال اور دہشت گردی سے متعلق چیلنجز پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ قومی قیادت ممکنہ خطرات اور ان کے تدارک کے لیے حکمت عملی مرتب کرے گی تاکہ ملک کے امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے جب خطے میں جغرافیائی کشیدگی بڑھ رہی ہے، اور پاکستان اپنی سلامتی پالیسیوں پر ازسرِ نو غور کر رہا ہے۔






