اہم خبریںتازہ تریندنیا

شمالی کوریا کی اسرائیل پر شدید تنقید، ایران پر حملے کو "انسانیت کے خلاف جرم” قرار دے دیا

پیونگ یانگ / سیئول: شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے اسرائیل کے حالیہ ایران پر حملے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے "انسانیت کے خلاف ناقابلِ معافی جرم” اور مشرق وسطیٰ کے لیے "کینسر” قرار دیا ہے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، پیونگ یانگ نے اسرائیلی جارحیت کو خطے میں نئی جنگ کے خطرے کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔

شمالی کوریا کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا:
"اسرائیل اب مشرق وسطیٰ کے امن و استحکام کے لیے ایک بیماری بن چکا ہے۔ ایران پر اسرائیلی حملے غیرقانونی، غیر اخلاقی اور انسانیت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہیں۔ یہ حملے ایک غیر مستحکم خطے میں بڑی جنگ کا دروازہ کھول سکتے ہیں، جس کے عالمی امن پر مہلک اثرات مرتب ہوں گے۔”

ترجمان نے مزید کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ معافی جرم ہے اور عالمی برادری، خصوصاً اقوامِ متحدہ اور بااثر طاقتوں کو فوری مداخلت کرنی چاہیے تاکہ خطے میں جاری کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

"اب وقت آ گیا ہے کہ جنگ کے حامیوں کو واضح پیغام دیا جائے کہ مسائل کا حل طاقت کے استعمال سے نہیں بلکہ سفارت کاری اور انصاف پر مبنی پالیسی سے ممکن ہے،” ترجمان نے زور دیا۔

شمالی کوریا کا یہ سخت ردعمل ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق شمالی کوریا کے اس بیان سے عالمی سطح پر اسرائیل کے اقدامات کے خلاف تنقیدی آوازیں مزید مضبوط ہو سکتی ہیں۔

شمالی کوریا کی حکومت کا اسرائیل کے بارے میں یہ سخت مؤقف عالمی سفارتی منظرنامے میں ایک نئی بحث کو جنم دے سکتا ہے، جس میں مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی کوششوں اور عالمی طاقتوں کی پالیسیوں پر بھی سوالات اٹھ سکتے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button