لندن: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے اعزاز میں پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ایک پروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی میزبانی برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کی، جنہوں نے لاہور قلندرز کی کامیابی کو نہ صرف کرکٹ بلکہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا۔
تقریب میں اہم سیاسی، سماجی اور کرکٹ شخصیات شریک ہوئیں، جن میں سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی، معروف صحافی و تجزیہ کار جُگنو محسن، لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمین رانا، ٹیم کے کپتان اور پی ایس ایل فائنل کے ہیرو شاہین شاہ آفریدی، بین الاقوامی کھلاڑی ٹام کرن اور سیم بلنگز شامل تھے۔ علاوہ ازیں ہائی کمیشن کے افسران، برطانوی میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے بھی تقریب میں بھرپور شرکت کی۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے تقریب سے خطاب میں لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 2025 جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا:
"لاہور قلندرز نے میدان میں جس جذبے، مہارت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، وہ نہ صرف کھیل کے میدان میں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کا فارمولہ ہے۔ پی ایس ایل نے پاکستان میں کرکٹ کے فروغ، بین الاقوامی کرکٹرز کی شمولیت اور نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔”
شاہین شاہ آفریدی اور ٹیم کے دیگر ارکان نے برطانیہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی محبت اور پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کا نام بلند کرتے رہیں گے۔
تقریب کے دوران لاہور قلندرز کی کامیابیوں پر ایک خصوصی ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی، جس میں ٹیم کی محنت، سفر اور فتح کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔ اختتام پر مہمانوں کی تواضع پاکستانی کھانوں سے کی گئی، جبکہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے مداحوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور آٹوگراف بھی دیے۔
یہ تقریب نہ صرف کرکٹ کے فروغ کی ایک خوبصورت مثال تھی بلکہ اس نے پاکستان کی نرم سفارت کاری اور مثبت عالمی تاثر کو مزید مضبوط کیا۔






