ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا آغاز: گرمی سے ریلیف اور فصلوں کے لیے خوشخبری
اسلام آباد: ملک بھر میں شدید گرمی سے ستائے عوام کے لیے خوشخبری ہے، کیونکہ محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون بارشوں کا آغاز 20 جون سے ہو رہا ہے، جو 23 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے مختلف حصوں میں داخل ہوں گی، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ یہ خوشگوار بارشیں درجہ حرارت میں کمی کا باعث بنیں گی، جس سے شہریوں کو شدید گرمی سے کافی ریلیف ملے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ان بارشوں سے نہ صرف درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ زراعت کے شعبے کو بھی فائدہ ہوگا، خاص طور پر وہ علاقے جہاں بارانی فصلوں کا انحصار بارش پر ہوتا ہے۔
بارشیں کہاں کہاں؟
20 تا 23 جون: کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، پشاور اور گلیات سمیت متعدد اضلاع میں گرج چمک اور تیز بارش۔
21 تا 23 جون: ژوب، موسیٰ خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور میں بھی بارش کی پیشگوئی۔
22 تا 24 جون: سندھ کے علاقوں سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں بارش اور آندھی متوقع۔
احتیاطی اقدامات شروع
پی ڈی ایم اے پنجاب نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ شہروں میں عوامی آگاہی مہم اور مساجد کے ذریعے اعلانات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بروقت الرٹ کیا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال مون سون بارشیں معمول سے 25 فیصد زیادہ ہوں گی، جبکہ لاہور، سیالکوٹ اور گجرات جیسے علاقوں میں یہ شرح 40 سے 60 فیصد تک ہو سکتی ہے، جو زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے خوش آئند ہے۔






