اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

بلاول بھٹو کا دوٹوک مؤقف: بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانا ہوگا، چاہے کان سے پکڑ کر کیوں نہ ہو

لندن: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور استحکام کا خواہاں ہے، اور اگر امن قائم کرنے کے لیے بھارت کو کان سے پکڑ کر مذاکرات کی میز پر لانا پڑا تو دنیا کو یہ قدم اٹھانا ہوگا۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ بھارت کا پاکستان مخالف بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے اور عالمی برادری اب اس حقیقت کو پہچان چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور دنیا کو بتایا ہے کہ بھارت خود دہشت گردوں کی پشت پناہی کرتا رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح اور مستقل ہے: تمام مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات سے ممکن ہے، چاہے وہ مسئلہ کشمیر ہو، دہشت گردی ہو یا پانی کا تنازعہ۔ بلاول بھٹو نے باور کرایا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا، اور اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو یہ کھلی جارحیت اور جنگ کے مترادف ہوگی۔

انہوں نے عالمی اداروں، خاص طور پر اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بیرون ملک سکھ رہنماؤں کے قتل جیسے اقدامات کا نوٹس لیں۔ بلاول نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور اسی جذبے کے تحت ہمیشہ مثبت رویہ اپنایا ہے۔

بلاول بھٹو نے امریکی محکمہ خارجہ کے حالیہ بیانات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا کا کردار خطے میں امن قائم کرنے کے لیے اہم ہے، اور بھارت کی منفی مہمات امریکی امن کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

آخر میں، انہوں نے پاکستانی میڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں میڈیا کا کردار قابلِ تحسین رہا، اور اب بھی وہ قومی بیانیے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں پیش پیش ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button