برسلز (نیوز ڈیسک) — متحدہ عرب امارات کے لیے ایک بڑی سفارتی اور مالیاتی کامیابی سامنے آئی ہے، جہاں یورپی یونین نے اسے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خطرے سے دوچار ممالک کی "ہائی رسک” فہرست سے نکال دیا ہے۔
یورپی یونین کے مطابق یہ فیصلہ بین الاقوامی معیار کے مطابق کی گئی تازہ نگرانی اور اصلاحات کے بعد کیا گیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق بارباڈوس، جمیکا، جبرالٹر، پاناما، فلپائن، سینیگال اور یوگنڈا کو بھی ہائی رسک فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔
اس پیش رفت سے متحدہ عرب امارات کی عالمی مالیاتی ساکھ میں بہتری آئے گی اور بین الاقوامی کاروباری روابط پر مثبت اثر پڑے گا۔
دوسری جانب یورپی یونین نے موناکو، الجزائر، انگولا، آئیوری کوسٹ، کینیا، لاؤس، لبنان، نمیبیا، نیپال اور وینزویلا کو فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ یورپی حکام کے مطابق موناکو کی 2024 سے نگرانی جاری ہے، اور تمام تبدیلیاں بین الاقوامی مالیاتی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں۔
نئی فہرست یورپی پارلیمنٹ اور رکن ممالک کی منظوری کے بعد آئندہ ایک ماہ میں باضابطہ طور پر نافذالعمل ہو جائے گی۔






