لندن (نیوز رپورٹر) — برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اور فخر کا لمحہ سامنے آیا ہے، جب لندن کے میئر صادق خان کو برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے نائٹ ہُڈ (Knighthood) کے اعلیٰ اعزاز سے نوازا۔
صادق خان، جو 2016 سے لندن کے میئر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، حال ہی میں تاریخ رقم کرتے ہوئے مسلسل تیسری بار میئر منتخب ہوئے ہیں — یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ پہلے شخص ہیں۔
اعزاز ملنے کے بعد میئر صادق خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "بادشاہ سے نائٹ ہُڈ کا اعزاز حاصل کرنا میرے لیے انتہائی فخر کی بات ہے۔ میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ٹوٹنگ کے ایک کونسل گھر میں پلنے والا لڑکا ایک دن یہ اعزاز حاصل کرے گا۔”
یہ اعزاز نہ صرف صادق خان کی عوامی خدمت، قیادت اور لندن شہر کے لیے ان کی انتھک محنت کا اعتراف ہے، بلکہ برطانوی پاکستانیوں کے لیے بھی ایک نئی امید اور حوصلہ ہے۔






