سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں عید سادگی سے منائی، عید کے نئے کپڑے زیب تن کیے
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں چوتھی عیدالاضحیٰ سادگی اور وقار کے ساتھ منائی۔ جیل ذرائع کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے لیے عید کے موقع پر نئے کپڑے جمعرات کے روز جیل میں پہنچا دیے گئے تھے، جو انہوں نے عید کے دن زیب تن کیے۔
اڈیالہ جیل میں حسبِ ضابطہ سیکیورٹی اقدامات کے باعث اہم قیدیوں کو نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے اجتماعی مقامات پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جیل انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ تمام اہم قیدیوں کی سیکیورٹی کے پیش نظر کیا جاتا ہے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان عمومی طور پر صبح دس بجے کے بعد بیدار ہوتے ہیں، اور اس روز بھی وہ اپنے معمول کے مطابق جاگے۔ ذرائع کے مطابق عید کے موقع پر جیل کا ماحول پُرامن اور منظم رہا۔ جیل میں مختلف مقامات پر عید کی نماز کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں قیدیوں نے شرکت کی۔
عید کے ایام میں عمران خان اور ان کی اہلیہ سے کسی بھی قریبی رشتہ دار یا پارٹی رہنما کی ملاقات نہیں ہوئی، تاہم ذرائع کے مطابق وہ دونوں پرسکون اور صبر و تحمل کے ساتھ عید کا دن گزارنے کے لیے پُرعزم نظر آئے۔






