اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کا مقدمہ درج
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی-13/1 میں قتل ہونے والی معروف ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ سنمبل میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، پیر کی شام تقریباً 5 بجے ایک نامعلوم حملہ آور نے گھر میں گھس کر ثناء یوسف پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو گولیاں ان کے سینے میں لگیں، جس کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا۔
ثناء یوسف کو فوری طور پر شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکیں۔
مقتولہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ حملہ آور کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتی ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ثناء یوسف سوشل میڈیا پر کافی مقبول تھیں اور ان کے ٹک ٹاک پر ہزاروں فالوورز تھے۔ ان کے قتل نے مداحوں اور شہری حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔





