تحریک انصاف میں نئی تنظیمی پیش رفت: عمران خان کو پیٹرن اِن چیف کا اعزاز دے دیا گیا
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں تنظیمی سطح پر اہم تبدیلی کرتے ہوئے پارٹی کے بانی عمران خان کو "پیٹرن انچیف” کا نیا عہدہ دے دیا گیا ہے۔ اس کا اعلان چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ یہ فیصلہ پارٹی کی مستقبل کی حکمتِ عملی اور قومی سطح پر متحرک کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر احتجاج کے دوران عمران خان کی نمائندگی عمر ایوب اور سینئر قانون دان سلمان اکرم راجہ کریں گے، جب کہ خیبر پختونخوا میں گورننس سے متعلق معاملات پر علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے چیئرمین کی حیثیت سے بین الاقوامی سطح پر سفارتی رابطوں کی ذمہ داری دی گئی ہے اور میں ہی عدالتوں میں پارٹی کے قانونی معاملات کی نمائندگی جاری رکھوں گا۔‘‘
اس پیش رفت کو پارٹی کے اندر اتحاد اور قیادت کی شفاف تقسیم کی جانب مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے تحریک انصاف کی تنظیمی ساخت میں استحکام آئے گا اور احتجاجی تحریک کو موثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے گا۔






