سیالکوٹ: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل پُرامن ماحول میں جاری ہے۔ شہری بڑی تعداد میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کر رہے ہیں۔
یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ارشد وڑائچ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ان کی جگہ اب نئے عوامی نمائندے کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔ حلقے کے 38 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 11 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں سیکیورٹی فورسز تعینات ہیں تاکہ پُرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حنا ارشد، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ فاخر نشاط اور پیپلز پارٹی کے راحیل کامران چیمہ میدان میں ہیں، جن کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 185 ہے، جن میں 1 لاکھ 57 ہزار 725 مرد اور 1 لاکھ 39 ہزار 460 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شفاف اور منصفانہ انتخابی عمل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔ عوام میں ووٹنگ کے حوالے سے جوش و خروش نظر آ رہا ہے اور پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی اچھی خاصی تعداد دیکھنے میں آ رہی ہے۔






