ملک میں گرمی سے پہلے ہی گرمی بڑھ رہی ہے جب کہ کئی شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی اوپر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پنجاب میں شدید گرمی اور متوقع گرمی کی لہر کے پیش نظر سکولوں کی موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے جس کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے یکم جون سے تعطیلات شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔
تاہم گرمی کی لہر کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سیکرٹری تعلیم پنجاب خالد نذیر وٹو کے مطابق محکمہ تعلیم نے گرمی کی لہر کے خدشے کے باوجود سالانہ تعلیمی کیلنڈر کے مطابق تعطیلات کی تاریخ تجویز کی ہے تاہم موسم کی شدت میں اضافے کی صورت میں قبل از وقت چھٹیوں کا فیصلہ کرنے کا امکان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعلیٰ سے یکم جون سے تعطیلات شروع کرنے کی درخواست کی ہے، گرمی کی شدت اور متعلقہ ماہرین کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی منظوری مریم نواز دیں گی۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے اپریل کے اوائل میں اسکولوں کے اوقات میں 30 منٹ کی کمی کی تھی اور یہ نیا شیڈول 7 اپریل سے نافذ العمل ہے اور 15 اکتوبر تک نافذ رہے گا، اب اسکول صبح ساڑھے 7 بجے کھلتے ہیں۔
جب کہ سنگل اور ڈبل شفٹوں کے لیے بند ہونے کے اوقات مختلف رکھے گئے ہیں تاہم والدین کی ایک بڑی تعداد کو شدید گرمی میں اپنے بچوں کی صحت کے حوالے سے خدشات ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت جلد از جلد گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کرے تاکہ بچوں کو ہیٹ ویو سے بچایا جا سکے۔






