راولپنڈی: ہیومن رائٹس فورم فار کشمیر کے صدر سید نذیر گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر آج دنیا کے طاقتور ترین جنرلز میں شمار ہوتے ہیں، اور عالمی سطح پر کشمیر کے حوالے سے بھارتی مؤقف کو مسترد کیا جا چکا ہے۔
یہ بات انہوں نے راولپنڈی میں کشمیری صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں مسئلہ کشمیر پر عالمی بدلتے رجحانات اور پاکستان کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
سید نذیر گیلانی نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ عالمی حالات کا بھرپور فائدہ اٹھا کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سفارتی محاذ پر مزید فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حق میں متعدد قراردادیں منظور کی ہیں اور عالمی برادری اب اس دیرینہ مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔
صدر ہیومن رائٹس فورم فار کشمیر نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے بیانیے کے خلاف سفارتی محاذ پر ایک شاندار فتح حاصل ہوئی ہے، جس سے بھارت کی قیادت واضح بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔
نذیر گیلانی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلوانے میں عملی کردار ادا کرے اور بھارت پر دباؤ بڑھائے تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔






