واہ کینٹ – گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کو جمہوری رویہ اپنانے اور عوامی آواز کے احترام پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام سے ٹکراؤ کی پالیسی کسی بھی حکومت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
یہ بات انہوں نے واہ کینٹ سے آئے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں مختلف سیاسی و سماجی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پرامن احتجاج کے دوران پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر مبینہ تشدد افسوسناک ہے اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔
جمہوریت کا حسن، اختلاف کا احترام ہے
گورنر پنجاب نے زور دیا کہ ہر سیاسی جماعت کو آئینی حدود میں اپنا موقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے، اور حکومتوں کو چاہیئے کہ وہ برداشت، رواداری اور شائستگی کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں مقبولیت اور عوامی حمایت کے سفر پر گامزن ہے، اور جمہوریت کے فروغ میں اس کا کردار تاریخ کا روشن باب ہے۔






