اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

علیمہ خان کا دوٹوک پیغام: عمران خان صرف آئین، جمہوریت اور انصاف کی بالادستی چاہتے ہیں

راولپنڈی – پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے آج ایک اہم بیان میں واضح کیا ہے کہ عمران خان کا مؤقف ہر صورت میں آئین، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے ہے، اور وہ کسی بھی قسم کی غیر آئینی سودے بازی کا حصہ بننے کو تیار نہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے انکشاف کیا کہ عمران خان سے دو سال قبل کہا گیا تھا کہ وہ تین سال کے لیے خاموشی اختیار کریں اور چوری شدہ مینڈیٹ پر قائم حکومت کو وقت گزارنے دیں۔ تاہم، عمران خان نے اس مطالبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا، "میں یزید کے ظلم کے آگے تین منٹ بھی خاموش نہیں رہ سکتا۔”

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ 26 ویں آئینی ترمیم کو قبول کریں اور 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگیں، مگر عمران خان کا جواب دوٹوک تھا کہ معافی وہ مانگیں جنہوں نے ظلم کیا، شہریوں کو اغوا کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج چوری کی۔

علیمہ خان نے بتایا کہ بانی تحریک انصاف کا مؤقف واضح ہے کہ جب تک آئین کی عملداری، شفاف عدالتی نظام اور جمہوریت بحال نہیں ہوتی، وہ نہ جھکیں گے اور نہ خاموش رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود اصولوں پر ڈٹے ہوئے ہیں، اور اُن کی جدوجہد صرف اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ آئین اور قوم کے مستقبل کے لیے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج جیل میں پارٹی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جب کہ عدالت نے واضح ہدایات دی تھیں۔ علیمہ خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی معمول بن چکی ہے اور ججز کے پاس اختیارات کے باوجود عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی کو چھپانے کے لیے 26 ویں ترمیم کی گئی، جس کے تحت انصاف کا نظام مزید کمزور کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہمیں آئین کی پامالی پر خاموش نہیں بیٹھنا، اور بانی تحریک انصاف کی رہنمائی میں آئینی بالادستی کے لیے پرامن احتجاج کریں گے۔”

آخر میں انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں بانی تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہوں، کیونکہ "حق کے ساتھ اللہ تعالیٰ کھڑا ہوتا ہے۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button