پیرس — پاک بھارت فضائی کشیدگی کے دوران جدید لڑاکا طیارے رافیل کی ممکنہ تباہی کے حوالے سے فرانسیسی فوج نے پہلی مرتبہ اپنی رسمی رائے کا اظہار کیا ہے۔
فرانسیسی فوج کے ترجمان نے پیرس میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ فرانس رافیل طیارے کی کارکردگی اور صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور اس سلسلے میں اپنے شراکت دار بھارت سے براہِ راست معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطے میں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فرانس اس تنازعے کے تجربات سے زیادہ سے زیادہ سیکھنا چاہتا ہے۔
اگرچہ ابھی تک پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی لڑائی میں رافیل طیارے کی تباہی کی تفصیلات مکمل طور پر تصدیق طلب ہیں، لیکن فرانسیسی فوج کا کہنا ہے کہ اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو یہ رافیل طیارے کی دو دہائیوں کی آپریشنل سروس کا پہلا ایسا واقعہ ہوگا۔
واضح رہے کہ 7 مئی کو پاک فضائیہ نے بھارت کے فضائی جارحیت کا مؤثر جواب دیتے ہوئے سات بھارتی طیارے مار گرائے تھے جن میں سے 3 سے 4 رافیل طیاروں کے بھی مار گرائے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے اور عسکری ماہرین نے اس واقعے کو بھارت کی ذلت آمیز شکست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی فضائی برتری کا بھرپور ثبوت دیا ہے، خاص طور پر رافیل جیسے جدید اور مہنگے لڑاکا طیاروں کو گرا کر۔
یہ پیش رفت علاقائی دفاعی توازن اور اسلحہ کی جدید ٹیکنالوجی کی جنگ میں ایک اہم موڑ تصور کی جا رہی ہے۔






