190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر
اسلام آباد (عدالتی رپورٹر) — پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کی استدعا اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی ہے۔
درخواست بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب جان بوجھ کر کیس کو لٹکانے کے لیے بار بار التواء طلب کر رہا ہے، اور عدالت کی یقین دہانیوں کے باوجود سزا معطلی کی درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جا رہا۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سزا معطلی کی دونوں درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
واضح رہے کہ یہ کیس برطانیہ سے واپس بھیجی گئی 190 ملین پاؤنڈ کی رقم سے متعلق ہے، جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔






