لچین، آذربائیجان – 28 مئی 2025: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے آذربائیجان کے دورے کے دوران آذربائیجان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل حسنوف زاکر اسگر اوغلو سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دونوں برادر ممالک کے درمیان عسکری روابط کو مزید مستحکم بنانے کے پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
آرمی چیف نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی، دوستانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے آذربائیجان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ملاقات نہ صرف دوطرفہ دفاعی شراکت داری کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع ثابت ہوئی بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان یہ اعلیٰ سطحی رابطہ، پاکستان اور آذربائیجان کی افواج کے مابین قریبی تعلقات کو مزید تقویت دینے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔






