واشنگٹن ڈی سی:
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے واضح الفاظ میں مودی سرکار کو خبردار کیا ہے کہ جوہری صلاحیت کے حامل خطے میں غیر ضروری طور پر طبل جنگ بجانا کسی طور بھی ذمہ دارانہ طرزِ عمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کی جنگجویانہ سوچ جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے۔
ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سفیر پاکستان نے کہا کہ بھارت کی موجودہ قیادت مسلسل توسیع پسندانہ اور تسلط پسندانہ عزائم کا اظہار کر رہی ہے، جو خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی دراصل انتخابی ناکامیوں اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
رضوان سعید شیخ نے اس موقع پر مسئلہ کشمیر کو جنوبی ایشیا کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت نہیں دیا جاتا، خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حال ہی میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد نے امریکی انتظامیہ، پالیسی سازوں اور دیگر اہم حلقوں سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کو اجاگر کیا گیا۔ سفیر کے مطابق یہ کوششیں پاکستان کے اصولی مؤقف کو بین الاقوامی سطح پر مزید موثر انداز میں پیش کرنے کا ذریعہ بنیں گی۔






