اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر احتجاج کی کال دی گئی ہے، جس کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ کے اطراف اضافی سکیورٹی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

محکمہ پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کی جانب سے ہائی کورٹ اور قریبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ احتجاج کے دوران امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ اور دیگر متعلقہ مقامات پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ارکان اسمبلی اور کارکنان عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ہائی کورٹ میں جمع ہوں گے۔ پی ٹی آئی قیادت خاص طور پر 190 ملین پاؤنڈز کے نیب کیس میں بانی تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کیس کے لیے سماعت کی تاریخ مقرر نہ ہونے پر احتجاج کر رہی ہے۔ قیادت آج دوبارہ ہائی کورٹ میں سماعت مقرر کروانے کے لیے پہنچے گی۔

دوسری جانب، خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ احتجاج میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر آج بھرپور احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم نے عدالتی نظام کو مفلوج کر دیا ہے اور اس کی وجہ سے انصاف میں تاخیر ہو رہی ہے جو انصاف سے انکار کے مترادف ہے۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ کیسز کی سماعت میں تاخیر یہ ظاہر کرتی ہے کہ مقدمات بے بنیاد ہیں، اور تاخیر کا مقصد عمران خان کو قید میں رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جعلی حکومت کے لیے چیلنج ہیں اور ان کی رہائی حکومت کے لیے انتقام کا آغاز ثابت ہو گی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button