خیبر پختونخوا میں قیامت خیز سیلاب: 307 جانیں ضائع، حکومت کا 50 کروڑ کا ریلیف پیکج
پشاور — خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور تباہ کن سیلاب نے شدید جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران نقصانات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مختلف حادثات میں 307 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ان واقعات میں 23 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔
گھروں کو نقصان، امدادی سرگرمیاں جاری
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب اور بارشوں کے باعث 74 مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 11 مکمل تباہ جبکہ 63 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام شامل ہیں۔
متاثرہ اضلاع کے لیے حکومت کی جانب سے 50 کروڑ روپے کا امدادی پیکج جاری کیا گیا ہے، جس کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
بونیر: 15 کروڑ روپے
باجوڑ، بٹگرام، مانسہرہ: 10، 10 کروڑ روپے
سوات: 5 کروڑ روپے
بونیر سب سے زیادہ متاثر — بیرسٹر سیف
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے میڈیا کو بتایا کہ سیلاب سے 11 اضلاع متاثر ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3,817 ہے۔ ان کے مطابق:
بونیر میں 159 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 100 افراد کو زندہ بچایا گیا۔
باجوڑ میں 20 اموات ہوئیں اور 1 فرد لاپتا ہے۔
بٹگرام میں 11 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں، جبکہ 10 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 32 افراد اب بھی لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو آپریشن: 545 اہلکار، 90 گاڑیاں اور کشتیاں متحرک
حکومت خیبر پختونخوا نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے، جس میں 545 اہلکاروں کے ساتھ 90 گاڑیاں اور کشتیاں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ امداد، تلاش، زخمیوں کی منتقلی اور ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔






