لیورپول میں افسوسناک واقعہ: جشن کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھ گئی، متعدد افراد زخمی ڈرائیور گرفتار، دہشت گردی کا کوئی پہلو ظاہر نہیں ہوا، برطانوی وزیراعظم کا اظہار افسوس
لیورپول – برطانیہ کے شہر لیورپول میں فٹبال کے پرجوش شائقین کی خوشیاں اس وقت خوف میں بدل گئیں جب ایک گاڑی نے جشن مناتے ہجوم پر چڑھائی کر دی۔ واقعہ پیر کے روز پیش آیا جب فٹبال مداح اپنی ٹیم کی پریمیئر لیگ میں کامیابی پر سڑکوں پر جشن منا رہے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق، ایک سیاہ رنگ کی گاڑی نے ہجوم کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ برطانیہ کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق، 20 افراد کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جب کہ دیگر کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
فوری پولیس کارروائی، ڈرائیور گرفتار
برطانوی پولیس نے 53 سالہ سفید فام شخص کو حراست میں لے لیا ہے جو گاڑی چلا رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر ذاتی فعل ہے اور دہشت گردی کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حالات قابو میں لے لیے۔
وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا ردعمل
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا،
"لیورپول میں پیش آنے والے مناظر ہولناک ہیں۔ میری تمام ہمدردیاں زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔”
انہوں نے پولیس اور ایمرجنسی اداروں کے فوری ردعمل پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ تحقیقات میں پولیس سے تعاون کریں اور انہیں وقت دیں تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکے۔
عینی شاہدین کی تفصیلات
موقع پر موجود افراد نے بتایا کہ اچانک گاڑی تیز رفتاری سے ہجوم میں داخل ہوئی، جس کے بعد لوگ چیختے چلاتے بھاگنے لگے۔ کئی افراد نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، جبکہ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں چند منٹوں میں موقع پر پہنچ گئیں۔
یہ واقعہ خوشیوں کے موقع پر پیش آنے والے ان افسوسناک حادثات کی یاد دلاتا ہے جن میں لمحوں میں ماحول بدل جاتا ہے۔ پولیس اور ایمرجنسی ادارے اب واقعے کی مکمل تفتیش میں مصروف ہیں تاکہ اس کا مقصد اور محرک سامنے آ سکے۔






